پنجگور ( ہمگام نیوز ) بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ پنجگور زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ مزمتی بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پندرہ سالہ نوجوان طالب علم مجتوبہ بلوچ کو دن دیہاڑے فائرنگ کرکے شہید کرنا حکومت وقت اور پنجگور انتظامیہ پر ایک سوالیہ نشان ہے، جنکی جتنی مزمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ نوجوان طالب علم اسکول کی وردی میں ملبوس جب اسکول جارہا تھا تو راستے میں چوروں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کر دیا، پنجگور میں آئے روز بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی اور دیگر واردات نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے، سرعام اسلحہ بردار افراد، چوروں اور ڈکیتوں کا آزادانہ طور پر گھومنا پھرنا انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی بدامنی اور روازانہ کی بنیاد پر دلسوز واقعات کے رونما ہونے سے پنجگور میں نہ صرف لوگوں کا کاروبار متاثر ہورہا ہے بلکہ نوجْوانوں کے تعلیم پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، سرعام اسلحہ بردار افراد، چور اور ڈاکوؤں کا گھومنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ان کو انتظامیہ اور نام نہاد سیاسی قوتوں کی پشت پناہی حاصل ہے،
انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں پنجگور انتظامیہ اور حکومت وقت کو زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقتول طالب علم مجتوبہ بلوچ کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انکے لواحقین کو انصاف دلانے کے ساتھ ساتھ چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرکے پَنجْگُور میں امن وامان کو بحال کریں، روزانہ کی بنیاد پر دلسوز واقعات سے تعلیم سمیت مختلف شعبے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں۔ لہزا اس دلسوز واقعے کے خلاف جلد کارروائی کرکے چوروں اور ڈاکوؤں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر انکو کھڑی سزا دی جائے تاکہ ایک پرامن اور پرسکون ماحول پیدا ہو کر تعلیم اور دیگر شعبے متاثر نہ ہو۔


