ایرانشہر( ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق بروز منگل 25 اکتوبر کو ایرانشہر میں “پروین اعتصامی” اسکول میں قابض ایرانی سیکورٹی فورسز نے ایک طالبہ کو پکڑ کر شدید زدوکوب کیا، جس سے وہ جان کی بازی ہار گئی۔ اس طالبہ کی شناخت مڈل اسکول کی تیسری جماعت کی “پارمیس ہمنوا” بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اسکول پر چھاپہ مارا، طلباء کی تلاشی لی اور کتابوں کو ضبط کر لیا ، سیکورٹی فورسز نے جب یہ دیکھا کہ خمینی کی تصویر پارمیس کی کتابوں میں پھاڑ دی گئی ہے تو اسے کلاس کی تمام طالب علموں کے سامنے بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔
شدید تشدد کے نتیجے میں پارمیس کی ناک ٹوٹ گئی اور شدید خون بہنے کے بعد اسے “ایران” ہسپتال لے جایا گیا لیکن زخموں کی شدت اور خون بہنے کی وجہ سے وہ اگلے روز ہسپتال میں ہی دم توڑ گئیں۔
واضح رہے کہ مغربی مقبوضہ بلوچستان سمیت ایران کے کئی شہروں اور علاقوں میں انٹرنیٹ کی مکمل بندش کے سبب اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ دیر سے موصول ہوئی ہے۔