شنبه, اکتوبر 5, 2024
Homeخبریںایران:اسرائیل کے لیےکام کرنے کے جُرم میں دوافراد کو پھانسی

ایران:اسرائیل کے لیےکام کرنے کے جُرم میں دوافراد کو پھانسی

تہران(ہمگام نیوز ) ایران میں اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے کے جرم میں دو افراد کو تختہ دارپرلٹکادیا گیا ہے۔انھیں کرج شہرکی جیل میں جمعہ کو پھانسی دی گئی ہے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ‘ہرانا’ کے مطابق میلاد اشرفی اعتبتان اورمنوچہرشاہ بندی کو جون میں اسرائیل کے لیےمبیّنہ طور پرکام کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھااورعدالت نے مقدمے کی سماعت کے بعد انھیں سزائے موت سنائی تھی۔

ایرانی حکام نے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی مہر کی رپورٹ کے مطابق عدالتِ عظمیٰ نے بدھ کے روز اشرفی اعتبتان اورشاہ بندی سمیت چارافراد کی سزائے موت کوبرقراررکھاتھا۔

مہر نے اس کے ساتھ یہ دعویٰ کیا تھا کہ’’صہیونی انٹیلی جنس سروس کی رہ نمائی میں ٹھگوں کا یہ نیٹ ورک نجی اورعوامی املاک کوتباہ کررہا تھا،لوٹ مارکررہا تھا،لوگوں کواغوا کر رہا تھا اورجعلی اعترافات حاصل کررہا تھا‘‘۔

تین دیگر افراد کو ملک کی قومی سلامتی کے منافی جرائم کے ارتکاب،اغوا کی وارداتوں میں ملوّث ہونے اوراسلحہ رکھنے کے الزام میں پانچ سے دس سال تک قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ایران اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور ماضی میں اس پراپنی جوہری تنصیبات پر حملوں اورملک کے اندر قتل و غارت گری کے الزامات عاید کرتارہا ہے۔ایرانی حکام نے ملک میں جاری بدامنی میں اسرائیل کے ملوّث ہونے کا بھی الزام عایدکیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز