یوکرین (ھمگام نیوز) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ہفتے کے روز اگلے سال کی جنگ میں روس کے خلاف فتح کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی معجزوں سے نہیں بلکہ غیر ملکی شراکت داروں کی مدد سے حاصل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ”آج صرف ایک ہی خواہش ہے۔ یہ کسی معجزے سے نہیں بلکہ ہماری قربانیوں، ہماری جدوجہد، مشترکہ امداد اور انسانیت کے ذریعے پوری ہوگی۔ نیا سال مبارک ہو! یہ ہماری فتح کا سال ہے”۔
زیلنسکی نے بار بار روسی حملوں کی طرف اشارہ کی جن کی وجہ سے ملک میں بجلی پیدا کرنے کے نظام کو بہت نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روسی حملوں نے ہمارے ملک میں بجلی کا نظام تباہ کردیا مگر روشنی ہر شخص کے اندر پائی جاتی ہے، یہاں تک کہ جب بجلی ختم ہو جائے۔
زیلنسکی نے نئے سال کے ایک مختصر پیغام میں اپنی پیشین گوئی کا اعلان کیا جو 24 دسمبر کو ریکارڈ کی گئی نو منٹ کی کرسمس ویڈیو کے مقابلے میں ایک معمولی کوشش تھی۔
ہفتے کے روز زیلنسکی نے زور دے کر کہا کہ ان کا ملک روس کو اس کی بمباری کے لیے ”معاف نہیں کرے گا”، جب نئے سال سے پہلے کیف اور دیگر شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔
ٹیلی گرام پر روسی زبان میں زیلنسکی نے لکھا کہ ”کوئی بھی آپ کو دہشت گردی کے لیے معاف نہیں کرے گا۔ دنیا میں کوئی بھی آپ کو اس کے لیے معاف نہیں کرے گا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ اس طرح کے حملوں کا حکم دیتے ہیں اور ان پر عمل درآمد کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا“۔
ہفتے کے روز روسی حملوں نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت کئی علاقوں کو نشانہ بنایا، جہاں مقامی حکام کے مطابق کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔