دوشنبه, نوومبر 18, 2024
Homeخبریںاس صدی کے آخر تک 65 فیصد جانورو پودوں کے اقسام ختم...

اس صدی کے آخر تک 65 فیصد جانورو پودوں کے اقسام ختم ہونگے ۔ تحقیق

لندن ( ہمگام نیوز ) ایک نئی ریسرچ سے ظاہر ہوا ہے کہ اگر عالمی درجہ حرارت میں موجودہ رفتار سے اضافہ جاری رہا تو انٹارکٹکا میں نصف سے زیادہ جانور اور پودے اس صدی کے آخر تک غائب ہو جائیں گے۔

حال ہی میں جریدے پلوس بیالوجی میں شائع اس ریسرچ کے محققین کو معلوم ہوا کہ اگر دنیا نے معدنی ایندھن کے اخراج میں کمی لانے کے لئے کچھ نہیں کیا تو اس صدی کے آخر تک انٹارکٹکا کے پودوں اور جانوروں کی 65 فیصد اقسام امکانی طور پر غائب ہوجائیں گی۔

اس نئی ریسرچ سے ظاہر ہوا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث سمندری برف کے غائب ہونے سے پینگوئن کی دو اہم نسلوں ایمپرر، یا شہنشاہ اور ایڈیلی کو معدومی کا خطرہ لاحق ہو جائے گا جو اپریل سے دسمبر تک اپنی بقا کے لئے برف پر انحصار کرتے ہیں۔

اس ریسرچ کی مرکزی مصنفہ جاسمین لیی نے سی این این کو بتایا کہ انٹارکٹکا خطے کا آب وہوا کی تبدیلی میں در حقیقت کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ وہاں بڑے پیمانے پر لوگ نہیں رہتے اس لئے اسے سب سے بڑا خطرہ دوسرے خطوں سے در پیش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سوچ کر واقعی افسوس ہوتا ہے کہ انٹارکٹکا جو کرہ ارض پر ایک آخری وسیع و عریض بیابان ہے وہاں دوسرے خطوں کی انسانی آبادی کی سر گرمیوں کے اثرات دیکھے اور محسوس کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پینگوئنز کی مشہور نسلیں مثلاً شہنشاہ پینگوئن اور ایڈیلی معدومی کے خطرے کی زد میں ہیں یہ سوچ کر واقعی ناقابل یقین حد تک افسوس ہوتا ہے کہ ہم اس قسم کی نسلوں کو معدومیت کی طرف لے جا سکتے ہیں۔

اس ریسرچ سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ انٹارکٹکا میں پودوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے کی جانے والی موجودہ کوششیں تیزی سے بدلتے ہوئے بر اعظم پر کار گر ثابت نہیں ہو رہیں

یہ بھی پڑھیں

فیچرز