دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںایمازون نے 18000 ہزار ملازمین کو فارغ کرنیکا اعلان کیا ہے

ایمازون نے 18000 ہزار ملازمین کو فارغ کرنیکا اعلان کیا ہے

واشنگٹن( ہمگام نیوز ) دنیا کے سب سے بڑے آن لائن ریٹیلر ایمازون نے اپنے 18000 ملازمین کو فارغ کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ حالانکہ وہ اس فیصلے کے اثرات سے واقف ہے لیکن ”غیر یقینی معیشت” کی وجہ سے ایسا کرنا پڑ رہا ہے۔

امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ایمازون نے اپنے 18000سے زائد ملازمین کو بدھ کے روز فارغ کر دینے کا اعلان کیا۔ ای کامرس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، آن لائن اشتہارات، ڈیجیٹل اسٹریمنگ اور آرٹیفیشیئل انٹیلیجنس کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنی نے کہا کہ ”غیر یقینی معیشت” کی وجہ سے یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔

ایمازون نے مزید کہا کہ ملازمین کو فارغ کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ کووڈ کی وبا کے دوران کمپنی نے حقیقتاً کافی بڑے پیمانے پر لوگوں کو ملازمت پر رکھ لیا تھا۔

ایمازون کے سی ای او اینڈی جیسی نے اپنے اسٹاف کے نام بھیجے گئے ایک بیان میں کہا، ”نومبر میں ہم نے افرادی قوت میں جو تخفیف کی تھی اور آج ہم جو تخفیف کرنے جارہے ہیں اس کے تحت 18000افراد کو فارغ کیا جا رہا ہے۔”

کمپنی نے نومبر میں 10000ملازمین کو فارغ کردینے کا اعلان کیا تھا۔

جیسی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فارغ کرنے کی وجہ سے لوگوں کو پیش آنے والی پریشانیوں اور مشکلات سے کمپنی کی قیادت اچھی طرح واقف ہے اور ”ہم اس فیصلے کو ہلکے میں نہیں لے رہے ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا، ”جو لوگ اس فیصلے سے متاثر ہوں گے ہم ان کی مدد کے لیے مختلف طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔ ہم انہیں پیکج فراہم کریں گے جس میں خصوصی ادائیگی، عبوری ہیلتھ انشورنس کے فوائد اور دیگر کمپنی میں ملازمت کے حصول میں تعاون وغیرہ شامل ہیں۔”

جیسی نے بتایا کہ یورپ میں بھی ملازمین فارغ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کا اطلاق 18جنوری سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز