جمعه, اکتوبر 4, 2024
Homeخبریںترکیہ اور شام سمیت خطے میں زلزلہ،ابتک 1298 ہلاکتیں

ترکیہ اور شام سمیت خطے میں زلزلہ،ابتک 1298 ہلاکتیں

انقرہ ( ہمگام نیوز) ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس سے مجموعی اموات 1298 ہو گئیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے سے کم از کم 1 ہزار 710 عمارتیں گر گئیں، 2 ہزار 786 امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

ترکیہ میں اموات 912 ہو گئیں

ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 912 ہو گئی، جبکہ 5 ہزار 383 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ زلزلے سے اموات کتنی بڑھیں گی، ابھی اندازہ نہیں لگا سکتے، 45 ممالک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیشکش کر چکے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زلزلہ 1939ء کے بعد اب تک کی سب سے بڑی تباہی ہے۔

ترکیہ میں ایمرجنسی نافذ

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترک نائب صدر نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد غازیانتپ اور حاطے ایئر پورٹ پر سول پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

شام میں اموات 386 سے زائد

ادھر شام میں زلزلے سے اموات 386 سے زائد جبکہ زخمیوں کی تعداد 600 ہو گئی۔

زلزلے سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن، لبنان اور اسرائیل میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

7.9 شدت کا زلزلہ

جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں Nurdadi/Gaziantep کا علاقہ تھا، اس زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔

ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو اداروں کی ٹیموں کے علاوہ مقامی افراد بھی ملبے میں دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ترکیہ کے جنوبی شہر کہرا منمار اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 4 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلہ رات سوا 4 بجے آیا

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات سوا 4 بجے آیا، جب بیشتر لوگ سوئے ہوئے تھے۔

زلزلے کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، لوگ خوف کے باعث سڑکوں پر نکل آئے، زلزلے کے جھٹکے 1 منٹ تک محسوس کیے گئے۔

ترکیہ میں 7.8 شدت کا زلزلہ

زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیہ کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے بعد 78 آفٹر شاکس

ترک سرکاری ٹی وی کے مطابق ترکیہ کے جنوب میں آئے زلزلے سے سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بڑے زلزلے کے بعد اب تک 78 آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور لتاکیہ میں محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز