بیروت (ہمگام نیوز) لبنان میں شام کی سرحد کے نزدیک ہونے والے ایک زوردار دھماکے میں فلسطینی عسکریت پسند تنظیم پاپولر فرنٹ فار لبریشن کے 5 ارکان ہلاک جب کہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا شام کی سرحد کے قریب لبنانی علاقے میں ہوا جس سے ایک عمارت اور ایک گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور دونوں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ دھماکا گاڑی یا عمارت میں ہوا تھا۔دھماکے میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے پانچ ارکان ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔

پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے کمانڈر نے دھماکے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے مشرقی قصبے قصایا میں فضائی حملہ کیا تھا۔

فسطینی تنظیم کے کمانڈر نے اس بات کے عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اسرائیل سے اس حملے کا پورا پورا بدلہ لیں گے اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی حکام نے فلسطینی تنظیم کے الزام کو مسترد کردیا جب کہ لبنان کے سیکورٹی ذریعے نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ دھماکا تنظیم کی جانب سے گولہ بارود کی منتقلی کے دوران ہوا۔