جمعه, سپتمبر 20, 2024
Homeانٹرنشنلجنوری سے تاحال 2 لاکھ 80 ہزار افراد کو فوج میں بھرتی...

جنوری سے تاحال 2 لاکھ 80 ہزار افراد کو فوج میں بھرتی کیا: روس

ماسکو(ہمگام نیوز ) روس اور یوکرین میں شدید لڑائی جارہی ہے۔ روسی سلامتی کونسل کے سربراہ دمتری میدویدیو نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو نے سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 2 لاکھ 80 ہزار افراد کو فوج میں بھرتی کیا ہے۔

روس نے فوج کی کسی نئی نقل و حرکت کا اعلان نہیں کیا لیکن اس نے 19 ماہ قبل شروع ہونے والے یوکرین میں اپنے فوجی آپریشن کی روشنی میں فوج میں شامل ہونے کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو راغب کرنے کیلئے ایک بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔

نیوز ایجنسی ’’ ٹاس‘‘نے میدویدیف کے حوالے سے کہا کہ وزارت دفاع کے اعداد و شمار کی بنیاد پر یکم جنوری سے اب تک 280,000 افراد معاہدے کے تحت روسی فوج میں شامل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے روس کے مشرق بعید میں جزیرہ ساخالین کے دورے کے دوران مزید کہا کہ ان میں سے کچھ ریزرو فورسز میں، کچھ رضاکار اور دیگر مزید کیٹگریز میں ہیں۔ اگست کے شروع میں میدویدیف نے کہا تھا کہ فوج نے سال کے آغاز سے تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار افراد کو بھرتی کیا ہے۔

دوسری طرف برطانوی وزارت دفاع نے اتوار کے اوائل میں خبردار کیا کہ روس نے یوکرین میں لڑنے کے لیے پڑوسی ملکوں کے شہریوں کو بھرتی کرنے کی مہم شروع کر دی ہے اور اس مقصد کے لیے انٹرنیٹ پر اشتہارات شائع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ برطانوی وزارت نے اپنے آن لائن اکاؤنٹ میں کہا کہ آرمینیا اور قازقستان میں پہلی مرتبہ میں 495,000 روبل ادا کرنے اور تنخواہ 190,000 روبل سے شروع ہونے والے اشتہارات دیکھے گئے ہیں۔

روس وسطی ایشیا سے آنے والے تارکین وطن سے بھی یوکرین میں لڑنے کے لیے رابطہ کر رہا ہے اور اس نے وعدہ کیا ہے کہ وہ 4 ہزار 160 ڈالر تک کی شہریت اور تنخواہیں دینے کے طریقہ کار کو تیز کرے گا۔

موسم بہار کے بعد سے روسی فوج رضاکاروں کو بھرتی کرنے کے لیے ایک بڑے پیمانے پر مہم کی قیادت کر رہی ہے۔ اس نے انٹرنیٹ اور روسی سڑکوں پر بڑے پیمانے پر اشتہارات شائع کیے ہیں اور اعلیٰ تنخواہوں کے وعدوں کے ساتھ فوجیوں کو راغب کرنے کی بھی کوشش کی۔

گزشتہ برس ستمبر میں کریملن بھرتی مہم کا اعلان نہ کرنے کے اپنے وعدوں سے مکر گیا اور یوکرین میں محاذ پر ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے جزوی کال اپ کا اعلان کیا۔ اس اپیل کی بنا پر 3 لاکھ افراد کو بھرتی کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز