بغداد(ہمگام نیوز ) عراق کے خودمختار علاقے شمالی کردستان میں واقع عربید کے چھوٹے فوجی ہوائی اڈے پر پیر کے روز ایک مشتبہ ڈرون حملے میں چھے افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

عراق کے دو سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد کرد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔عربید ایک چھوٹا ہوائی اڈا ہے،یہ ہیلی کاپٹروں کے لیے استعمال ہوتا ہے اور ملک کے شمال مشرق میں واقع شہر سلیمانیہ سے مشرق میں 50 کلومیٹر (30 میل) کی دوری پر واقع ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملے میں کرد سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔انھیں سخت حفاظت میں سلیمانیہ کے ایک فوجی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک شدگان کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

تاہم ایک سکیورٹی ذریعے نے ابتدائی اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ ترکیہ سے تعلق رکھنے والی کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کے ایک مشتبہ ہدف کو ایک ترک ڈرون میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ترکیہ کی فوج شمالی عراق میں پی کے کے کے جنگجوؤں پر فضائی حملے کرتی رہتی ہے اور عراق کے شمالی علاقے میں اس کی درجنوں چوکیاں قائم ہیں۔