جمعه, اکتوبر 4, 2024
Homeانٹرنشنلافغانستان میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ، کم از کم 15 افراد...

افغانستان میں 6.3 کی شدت کا زلزلہ، کم از کم 15 افراد ہلاک

ہرات (ہمگام نیوز )مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مغربی حصے میں آج ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات شہر سے 40 کلومیٹر شمال مغرب میں 25 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اس زلزلے کے بعد چار ضمنی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق مقامی وقت کے صبح 11 بجے آنے والے زلزلے کے بعد ہرات شہر کے لوگ رہائشی عمارتیں چھوڑ کر باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے قریب ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے۔

صوبہ ہرات کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر محمد طالب شاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا اس زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 78 دیگر زخمی ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا، ”یہ وہ تعداد ہے جو مرکزی ہسپتال کی طرف سے سامنے آئی ہے مگر یہ حتمی تعداد نہیں ہے۔‘‘ ہیلتھ ڈائریکٹر کے مطابق، ”ہمارے پاس معلومات ہیں کہ لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘‘

ہرات شہر کے ایک رہائشی بشیر احمد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ”ہم اپنے دفتر میں تھے کہ اچانک عمارت ہلنا شروع ہو گئی۔ دیواروں کا پلستر گرنے لگا اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ کچھ دیواریں اور عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا۔‘‘

 

بشیر احمد کا مزید کہنا تھا، ”میں اپنے خاندان سے رابطہ نہیں کر پا رہا، نیٹ ورک منقطع ہے، میں بہت پریشان اور خوفزدہ ہوں۔ یہ سب بہت خوفناک تھا۔‘‘

 

دوسری طرف افغانستان کی ہنگامی حالات سے نمٹنے والی وزارت کے ترجمان نے کہا ہے کہ 15 ہلاکتوں کی اطلاع صرف صوبہ ہرات کے ضلع زندہ جان سے ملی ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں خصوصاﹰ ہندوکش کے پہاڑی سلسلے کے آس پاس۔ گزشتہ برس جون میں صوبہ پکتیکا میں 5.9 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ ہزارہا افراد بے گھر ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز