غزہ (ہمگام نیوز ) فلسطین کی خبر رساں ایجنسی وفا نے ہفتے کے روز بتایا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے میں ایک فلسطینی صحافی ہلاک ہو گیا ہے۔ صحافی کی شناخت محمد صالحی کے نام سے ہوئی ہے۔
وفا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صالحی غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے البریج کے مشرق میں واقع سرحد پر واقعات کی کوریج کے دوران اسرائیلی فوج کی گولی لگنے سے مارا گیا۔
فلسطینی گروپ حماس نے ہفتے کے روز اسرائیل پر برسوں میں سب سے بڑا حملہ کیا جس میں غزہ سے داغے گئے راکٹوں کی ایک بوچھاڑ کے ساتھ مسلح افراد اسرائیل میں داخل ہو گئے۔ اس حیرت انگیز اور غیر متوقع حملے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ پر فضائی حملے کر کے جوابی کارروائی کی جہاں عینی شاہدین کے مطابق شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور متعدد میتوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اس حملے نے اسرائیل میں غیر معمولی دراندازی کی نشاندہی کی اور یہ کہ تقریباً دو عشرے قبل دوسری انتفاضہ کے خودکش دھماکوں کے بعد سے فلسطینیوں کے ساتھ اس کے تنازعہ میں یہ سب سے بڑا دھچکا ہے۔