بیروت (ہمگام نیوز ) سات اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے علاقائی کشیدگی میں اضافے کے دوران اور کل شمالی غزہ میں اسرائیلی افواج کی جانب سے کی جانے والی بڑی زمینی دراندازی کے موقع پر اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک جنگی طیارے نے گذشتہ رات جنوبی لبنان میں حزب اللہ گروپ سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی ٹھکانے پر حملہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی لبنان سے اسرائیل کی جانب راکٹ داغے جانے کے جواب میں کی گئی ہے۔
آج بروز سنیچر کی صبح شعبا فارمز کے علاقے اور جنوبی لبنان میں کفر شعبہ اس کے پہاڑوں پر رات کے وقت ہونے والے حملوں کے بعد محتاط خاموشی کا ماحول رہا۔
سات اکتوبر کو فلسطینی دھڑوں کی جانب سے غزہ کی پٹی سے ملحقہ اسرائیلی قصبوں اور شہروں پر اچانک حملے شروع کیے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں اسرائیلی ہلاک اور دسیوں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر شدید بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
دوسری جانب لبنان کے محاذ پربھی کشیدگی کا ماحول ہے، جہاں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہو چکی ہیں۔