غزہ(ہمگام نیوز ) اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بدھ کے روز بتایا ہے کہ محاصرہ زدہ غزہ کی پٹی میں تنظیم کی قید میں موجود یرغمالی بھی ’فلسطینیوں کی طرح موت اور تباہی‘ سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
اپنے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے مصالحت کاروں سے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ وہ ’قتل عام‘رکوایں۔ انہوں نے مغربی اقوام سے پرزور مطالبہ کیا وہ غزہ میں اسرائیلی وحشت اور موت کے کھیل کے خلاف اپنا احتجاج اور مظاہرے جاری رکھیں تاکہ فیصلہ ساز حلقوں پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔
اس سے پہلے حماس نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کی بمباری میں سات یرغمالی بھی مارے گئے ہیں جن میں تین کے پاس غیرملکی پاسپورٹس تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو جبالیہ کیمپ میں درجنوں اموات ہوئیں جہاں اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے ایک سرنگ پر حملے میں حماس کے ایک فوجی کمانڈر کو مارا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، ’گذشتہ روز جبالیہ میں ہونے والے قتل عام میں سات افراد مارے گئے جن میں تین کے پاس غیر ملکی پاسپورٹ بھی تھے۔‘