تل ابیب (ہمگام نیوز ) جنگ بندی کے دوسرے دن اسرائیل نے جنگ بندی معاہدہ کی شرائط کی خلاف ورزی کی۔ حماس نے یرغمالیوں کی رہائی کو مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا۔

ہفتہ کے روز قطر اور مصر نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل کے حوالے سے حماس اور اسرائیل سے مذاکرات کئے۔ رکاوٹوں کو دور کیا گیا۔ رات گئے حماس نے 13 اسرائیلی اور چار غیر ملکیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔ ان چار یرغمالیوں کا تعلق تھائی لینڈ سے ہے۔ اسرائیل کی چھ خواتین اور سات بچوں کو رہا کیا گیا۔

13 یرغمالیوں کو اسرائیل پہنچا دیا گیا۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 12 بجے کے قریب اسرائیل نے عوفر جیل سے 39 فلسطینی قیدی رہا کر دئیے۔ فلسطینی قیدی مغربی کنارے کے علاقے بیتونیا پہنچ گئے۔ جہاں فلسطینی قیدیوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

رہا ہونے والے فلسطینیوں میں 38 سال کی اسراء جعابیص بھی شامل ہیں۔ انہیں 2015 میں گرفتار کیا گیا تھا اور 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

48 روز لڑائی کے بعد چار روز کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا ہے۔ 49 ویں اور 50 ویں روز جنگ بندی رہی۔ جنگ بندی کے پہلے دن حماس نے 13 اسرائیلی رہا کئے اور بدلے میں اسرائیل نے 39 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کر دیا۔

دوسرے روز حماس نے کہا اسرائیل نے جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔ فائرنگ کی گئی اور امدادی ٹرکوں کو غزہ داخل ہونے سے روکا گیا۔ اس بنا پر اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی مؤخر کی جارہی ہے۔

یاد رہے چار روزہ جنگ بندی کے دوران 50 اسرائیلیوں کو رہا کیا جائے گا اور بدلے میں 150 فلسطینیوں کو رہائی ملے گی۔