مغربی کنارے (ہمگام نیوز ) بندوق بردار نے دو اسرائیلیوں کو فائرنگ کر کے جمعرات کے روز ہلاک کر دیا۔ اسرائیلیوں کی ہلاکت کا یہ واقعہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک پیٹرول پمپ پر پیش آیا۔
غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کے چند واقعات میں سے تازہ ترین واقعہ ہے۔ مغربی کنارے میں 7 اکتوبر سے اب تک 403 فلسطینیوں کو یہودی آبادکاروں یا اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے قتل کیا ہے۔
جمعرات کے روز پیش آنے والے اس واقعے کی اسرائیلی ایمرجنسی طبی ادارے ماگن ڈیوڈ ایڈوم نے بھی فوری طور پر تصدیق کی ہے۔ میگن ڈیوڈ ایڈوم کے ڈاکٹر نے لکھا ہے کہ ہم نے ان دونوں افراد کے ایمرجنسی میں پہنچتے ہی ٹیسٹ کرائے۔ لیکن جلد ہی معلوم ہوا کہ وہ انتقال کر چکے ہیں۔ اسرائیلی ایمرجنسی طبی مرکز کے مطابق ان اسرائیلیوں کی ہلاکت کا واقعہ مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم یہودی بستی ایلی کے قریب پیش آیا۔
اس سے کچھ دیر پہلے مسلح شخص پیٹرول پمپ پر پہنچے تھے اور انہوں نے آتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔ تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ واقعہ کے فوری بعد فائرنگ کرنے والے بندوق بردار کو ہلاک کر دیا گیا۔ فوجی بیان کے مطابق اس بندوق بردار کو ہلاک کرنے کے بعد فوج نے یہودی بستی کے قرب و جوار میں بھی اپنی سرگرمی تیز کر دی ہے۔
واضح رہے اس پیٹرول پمپ پر پچھلے سال جون میں بھی فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ جس میں چار اسرائیلی مارے گئے تھے۔ جبکہ حملہ آور فلسطینیوں کی تعداد تین تھی۔ جمعرات کے روز پیش آنے والا واقعہ تین فلسطینیوں کے قتل کے واقعے کے چند دن بعد پیش آیا ہے۔ جبکہ ایک اسرائیلی مارا گیا اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے بعد سے مغربی کنارے میں پرتشدد واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔ اب تک 403 فلسطینیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ فلسطینیوں کے قتل کے زیادہ تر واقعات میں یہودی آبادکار ملوث ہیں۔ جبکہ بہت سارے واقعات میں فوج کے ہاتھوں فلسطینی قتل ہوئے ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں ان بڑھے ہوئے پرتشدد واقعات پر یورپی ممالک حتیٰ کہ امریکہ کو بھی تشو یش ہے۔ اس لیے چار یہودی آباداکاروں پر امریکہ نے پابندی بھی عائد کر دی ہے۔ جبکہ مغربی ملکوں نے بھی بعض یہودی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔