پورٹ او پرنس: (ہنگام نیوز)ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کی مرکزی جیل پر مسلح گروہوں کے حملے کے بعد 4 ہزار کے قریب قیدی فرار جبکہ 12 ہلاک ہو گئے۔
خبرکے مطابق، جیل توڑ کر بھاگنے والے ملزمان میں گینگ کے وہ ارکان بھی شامل ہیں جن پر 2021 میں صدر جوونیل مویس کے قتل کا الزام ہے۔
بتایا گیا ہےکہ حالیہ تشدد میں اضافہ گزشتہ جمعرات کو اس وقت شروع ہوا جب وزیراعظم ایریل ہنری نے کینیا کی زیر قیادت ملٹی نیشنل سیکیورٹی فورس کو ہیٹی بھیجنے پر بات چیت کے لیے نیروبی کا سفر کیا تھا۔
وزیراعظم کے کینیا کے دورے پر پورٹ او پرنس کے گینگ لیڈر جمی چیریزیر نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے ایک مربوط حملے کا اعلان کیا تھا۔
جیل پر حملے کے دوران فائرنگ میں12 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جبکہ ہیٹی میں فرانسیسی سفارت خانے نے شہریوں کو دارالحکومت اور اس کے مضافات میں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
ہیٹی پولیس نے اپنے تمام افسران سے درخواست کی ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مدد فراہم کریں، اگر حملہ آور کامیاب ہوگئے تو شہر میں مزید لٹیرے بڑھ جائیں گے جس سے سب کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔