واشنگٹن: (ہمگام نیوز) نو ماہ سے زائد عرصے میں پہلی بار ایمازون کے بانی جیف بیزوس نے ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کو دولت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
بلومبرگ بلینیئر انڈیکس کے مطابق پیر کو ٹیسلا کے شیئرز 7.2 فیصد گرنے کے بعد ایلون مسک نے دنیا کی امیر ترین شخصیت ہونے کی اپنی پوزیشن کھو دی ہے۔
ایمازون کے بانی جیف بیزوس اپنی 214 ارب ڈالر دولت کا زیادہ حصہ عطیہ کریں گے
انڈیکس کے مطابق، ایمیزون کے بانی کی مجموعی دولت کی مالیت 200 ارب ڈالر ہے جبکہ ایلون مسک کے دولت کی مالیت 198 ارب ڈالر ہے۔ مسک کی دولت میں گزشتہ سال کے دوران تقریباً 31 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے جبکہ بیزوس کی دولت میں 23 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
یہ 2021 کے بعد پہلا موقع ہے کہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس بلومبرگ کی امیر ترین افراد کی درجہ بندی میں سرفہرست آچکے ہیں۔
بلومبرگ انڈیکس کے مطابق امیر ترین افراد کی فہرست میں لوئی ویٹون کے سی ای او برنارڈ آرنلٹ 197 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
فہرست میں چوتھا نمبر میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کا ہے جو 179 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔ پانچویں نمبر پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں جو 150 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔
دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں سٹیو بالمر چھٹے، وارن بوفیٹ ساتویں، لیری ایلیسن آٹھویں، لیری پیج نویں اور سرگے برن دسویں نمبر پر ہیں۔
حال ہی میں دنیا بھر کی خبروں کا مرکز رہنے والے انڈین ارب پتی مکیش امبانی بھی اس فہرست کا حصہ ہیں جو 115 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ 11ویں نمبر پر موجود ہیں۔
دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست ہر چند ماہ بعد بدلتی ہے جو مارکیٹ کی کارکردگی پر منحصر ہوتی ہے۔ آکسفیم کی سالانہ عدم مساوات کی رپورٹ کے مطابق سنہ 2020 سے دنیا کے پانچ امیر ترین افراد کی مجموعی دولت 114 فیصد بڑھ کر کل 869 ارب ڈالر ہوچکی ہے۔