تربت:(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن یونیورسٹی آف تربت نے اپنے جاری بیان میں تربت یونیورسٹی کے انتظامیہ (ایڈمنسٹریشن) کی یونیورسٹی میں عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ کی تربت یونیورسٹی میں ہفتوں تک عدم موجودگی اساتذہ اور طلبا کیلئے باعث پریشانی ہے۔ یونیورسٹی، اساتذہ اور طلبا کو کئی مسائل درپیش ہیں جو یونیورسٹی انتظامیہ کی عدم موجودگی کے باعث حل نہیں ہو پارہے جس سے مسائل روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔
اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے اساتذہ کرام، طلبا اور یونیورسٹی کے درپیش مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنے کیلئے یونیورسٹی میں موجود رہے۔ کسی بھی یونیورسٹی میں ایڈمنسٹریشن کا رول انتہائی اہم ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے تربت یونیورسٹی کا انتظامیہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے غافل ہے جس سے مسائل کے انبار پیدا ہوئے ہیں۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن ، یونیورسٹی کے مسائل پر کسی بھی طرح خاموش نہیں رہے گی بلکیں ان کو سنجیدہ لے کر ان کی پوری حل کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کریگی تاکہ یونیورسٹی کے پرامن تعلیمی معیار پر منفی اثرات مرتب نہ ہوسکے۔