لندن:(ہمگام نیوز) ایک دفاعی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن خوفناک میزائل شیطان ٹو سے برطانیہ کو ’تابکار صحرا‘ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق ایک برطانوی دفاعی ماہر ریٹائرڈ کرنل سائمن ڈگنز نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی صدر ملک کو تباہ کرنے والے شیطان ٹو میزائل کے ذریعے برطانیہ کو ممکنہ طور پر ’تابکار صحرا‘میں تبدیل کر سکتے ہیں جس سے تیسری عالمی جنگ کا خدشہ پیدا ہو گا۔

ریٹائرڈ کرنل سائمن ڈگنز نے کہا کہ برطانیہ کو خاص طور پر اس کے جغرافیائی محل وقوع اور یوکرین کی پشت پناہی کرکے پیوٹن کی بڑھتی  دشمنی کی وجہ سے خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

انہوں نے روس-یوکرین تنازعہ کے ابتدائی مراحل کے دعوؤں کو دہرایا جہاں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ ماسکو (آر ایس 28) سرمت میزائل کو آئرش سمندر میں فائر کر سکتا ہے۔

ریٹائرڈ کرنل سائمن ڈگنز نے کہا کہ  اگر یہ میزائل پھٹ جاتا ہے تو یہ 1640 فٹ بلندی تک پہنچنے والی زبردست سمندری لہر کو متحرک کر سکتا ہے جس سے وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی برطانیہ کو صفحہ ہستی سے مٹا دے گی۔