خاران: (ہمگام نیوز) خاران میں 10 سال سے جبری گمشدگی کا شکار خالد نواب تگاپی کی ہمشیرہ جبکہ 3 سال سے لاپتہ شاہ فہد کی ہمشیرہ نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کے روز ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے بلوچ نسل کشی کے خلاف جاری تحریک کے پانچویں فیز میں عید کے روز بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں خاران میں عید کے روز پریس کلب کے سامنے سہ پہر 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری ہونے والے ویڈیوز میں خاران سے لاپتہ افراد کے لواحقین شاہ فہد اور خالد نواب تگاپی کی ہمشیرہ نے خاران کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مظاہرے میں شرکت کرکے ان کی آواز بنیں۔
واضح رہے کہ شاہ فہد کی جبری گمشدگی کو تین سال ہوگئے ہیں جسکا تاحال کوئی پتہ نہیں ہے۔ ان کی ہمشیرہ نے اسلام آباد میں حالیہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنے میں بھی شرکت کی تھی۔
اس کے علاوہ خالد نواب تگاپی کی جبری گمشدگی کو دس سال ہوچکے ہیں۔ خالد نواب کو ان کے بھائی مقبول تگاپی کے ہمراہ خاران سے لاپتہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد مقبول تگاپی کی بوری بند لاش کراچی میں پھینک دی گئی جبکہ خالد تگاپی تاحال گمشدہ ہے۔