بیروت (ہمگام نیوز ) اسرائیل سرحد پر کشیدگی میں مسلسل اضافے کے دوران اسرائیلی فوج نے لڑاکا طیاروں سے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے “ایکس” پلیٹ فارم پر بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دو فوجی عمارتوں پر بھی بمباری کی جن میں صور شہر کے قریب المرجعیون اور آرزون میں موجود حزب اللہ کے دو فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شمالی اسرائیل میں سائرن بجنے کے بعد لبنان سے عین زیتم کے علاقے کی طرف تقریباً 35 میزائل لانچنگ کی نشاندہی کی گئی جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کے ذرائع پر بمباری کی۔

حزب اللہ کے ایک اہلکار کے گھر پر حملہ

ایک ذریعے نے ا’لعربیہ‘ کو بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے صور ڈاریکٹوریٹ کے قصبے صریفا پر حملہ کیا، جس میں حزب اللہ کے اہلکار علی نجدی کے گھر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تاہم ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی۔

اس کے علاوے مرجعیون میں العدیسا اور رب ثلاثین کے مقامات میں حزب اللہ کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

شمالی اسرائیل میں فوجی ہیڈ کوارٹر پر بمباری

دوسری طرف حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل میں ایک فوجی ہیڈ کوارٹر کو “درجنوں” کاتیوشا راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ان حملوں کے جواب میں کیا گیا جن میں جنوبی لبنان کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایک بیان میں حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ “جنوبی دیہاتوں پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں عین زیتیم بیس پر 91 ویں ڈویژن کے تھرڈ انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر پر درجنوں کاتیوشا راکٹوں سے بمباری کی۔