بیروت (ہمگام نیوز) حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈز نے جنوبی لبنان سے ایک اسرائیلی فوجی مرکز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے۔

القسام بریگیڈز نے ٹیلی گرام کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے شمالی اسرائیل میں ایک فوجی ہیڈکوارٹر پر میزائل فائر کیے جب کہ اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ شمال میں سائرن بجائے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے لبنان سے اسرائیلی سرزمین میں آنے والے تقریباً 20 راکٹوں کی نشاندہی کی اطلاع دی جن میں سے زیادہ تر کو ناکام بنا دیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے مقامات پر جوابی حملے کئے گئے ہیں۔

گزشتہ سات اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں جنگ شروع ہونے کے بعد ایک طرف اسرائیلی فوج اور دوسری طرف لبنان میں لبنانی حزب اللہ اور مسلح فلسطینی دھڑوں کے درمیان لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر تقریباً روزانہ فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوتا ہے۔