گوادر (ہمگام نیوز) ترجمان بی وائی سی کا کہنا تھا کہ گوادر پر باڑ لگانا پاک چین نوآبادیاتی منصوبے سی پیک کا حصہ ہے جس کا مقصد گوادر کو مکمل طور پر چین کے حوالے کرنا ہے۔
سی پیک منصوبے کے آغاز کے ساتھ ہی گوادر کے مقامی لوگوں کو ان کی آبائی سرزمین سے بے دخل کرنے اور گوادر کو مکمل طور پر چین کے حوالے کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے ہراساں کیا جا تا رہا ہے۔ پہلے گوادر فوجی چھاؤنیوں، چیک پوسٹوں اور فوجی کیمپوں سے گھرا ہوا تھا اور اب پورے گوادر شہر پر باڑ لگائی جا رہی ہے جو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیے اور ہر قسم کے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ہم نام نہاد ترقی اور سکیورٹی کے نام پر گوادر پر باڑ لگانے اور اسے چین کے حوالے کرنے کے منصوبے کے خلاف کسی بھی صورت خاموش نہیں رہیں گے بلکہ ہم بھرپور عوامی مزاحمت کریں گے۔
اس سلسلے میں کل 12 مئی کو گوادر شہر میں ایک عوامی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور ہم اس تحریک کو پورے بلوچستان میں پھیلائیں گے اور یہ عوامی مزاحمتی تحریک اس منصوبے کے مکمل اختتام تک جاری رہے گی۔
ہم محکوم اور جنگ زدہ علاقوں میں کام کرنے والی بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیتے ہیں کہ وہ گوادر میں باڑ لگانے، مقامی لوگوں کو بے دخل کرنے اور گوادر کو چین کے حوالے کرنے کے خلاف آواز اٹھائیں۔