TOPSHOT - Palestinians gather at the site of an Israeli strike on a camp for internally displaced people in Rafah on May 27, 2024, amid ongoing battles between Israel and the Palestinian Hamas militant group. (Photo by Eyad BABA / AFP)

رفح :(ہمگام نیوز) جمعے کے روز جنوبی غزہ کے مغربی رفح کے علاقے المواسی میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے بے گھر افراد کے خیموں پر گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم 25 فلسطینی ہلاک اور 50 زخمی ہوگئے تھے۔

غزہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ المواسی میں خیموں پر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ 50 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

قبل ازیں طبی ذرائع نے انادولو کو بتایا تھا کہ اسرائیلی ٹینکوں کی جانب سے بے گھر افراد کے کیمپ کو نشانہ بنائے جانے کے بعد امدادی ٹیموں نے 18 افراد کی لاشیں برآمد کیں اور 35 زخمیوں کا علاج کیا۔

فلسطینی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی طبی ٹیمیں علاقے میں اسرائیلی گولہ باری کے بعد بڑی تعداد میں ابتدائی طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔

فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے جس میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسے فلسطینی گروپ حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کے بعد سے غزہ پر جاری وحشیانہ حملے کے دوران بین الاقوامی مذمت کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے نتیجے میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔

محصور علاقے کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر مسلسل اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار 400 سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزارت صحت نے مزید کہا کہ حملے میں 85,600 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔