ڈھاکہ (ہمگام نیوز) ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف بنگلہ دیش بھر میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں اور 39 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تشدد پر قابو پانے کے لئے موبائل انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے اور سڑکوں پر فوج تعینات ہے۔
ذرائع کے مطابق ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم یعنی ریزرویشن کے کے خلاف بنگلہ دیش بھر میں طلبا کی پرتشدد تحریک جاری ہے۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 39 مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ 2500 سے زائد مظاہرین زخمی ہیں۔ سڑکوں پر لاٹھیوں، ڈنڈوں اور پتھروں کے ساتھ گھومتے مظاہرین بسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں کو آگ لگا رہے ہیں۔
مظاہروں کے سبب بنگلہ دیش میں بس، ٹرین اور میٹرو خدمات ٹھپ ہو گئی ہیں۔ تشدد کو بڑھنے سے روکنے کے لیے حکومت نے موبائل انٹرنیٹ بند کر دیا ہے۔ اسکولوں، کالجوں کے علاوہ مدارس کو بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر میں فوج کو محاذ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔