پنجگو (ہمگام نیوز) پنجگور کے علاقے چتکان میں گزشتہ شب پاکستانی فورسز و مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپوں میں دو سرمچاروں کی شہادت جبکہ فورسز کے متعدد اہلکاروں کے ہلاکت کی اطلاعات موصول ہورہے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق پنجگور میں گزشتہ شب مقامی وقت کے مطابق تقریباً ڈیڈھ بجے کے قریب متعدد شدید دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں سے پورا شہر گونج اُٹھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، اس حوالے سے آمدہ خبروں کے مطابق پنجگور کے ایک رہائشی نے بتایا ہے کہ دھماکوں کی آوازوں میں اتنی شدت تھی کہ وہ رات بھر سو نہیں سکے، ان کے مطابق بم دھماکوں کی شدت نے زلزلے جیسا سماں پیدا کر دیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا اور صبح پولیس نے دو افراد جوکہ سرمچار ظاہر ہوتے ہیں، کی میتیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیے ہیں۔
پنجگور سے خاص ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران پاکستانی فورسز کے متعدد اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے ہیں جنہیں عینی شاہدین کے مطابق متعدد ایمبولنس و دیگر گاڑیوں کے ذریعے کوئٹہ و دیگر علاقوں میں منتقل کیا گیا۔
واقعے کے متعلق تاحال کسی تنظیم کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔