واشنگٹن (ہمگام نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ امدادی کارکنوں کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا جائے گا، تاکہ امدادی کارکنوں کی زندگیوں کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کی غزہ میں ہلاکت کے بعد جمعرات کے روز کہی ہے۔
پولینڈ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بلنکن نے کہا ‘امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی امدادی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کا بہترین طریقہ ہے۔ ہم انسانی بنیادوں پر امدادی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ اسی معاملے کے لیے اسرائیل سے بات چیت رہتی ہے۔’
‘اونروا’ نے کہا ہے کہ النصیرات سکول پر ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چھ کارکنوں کی ہلاکت پر پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
بلنکن نے کہا ‘یہ ایک مرتبہ پھر جنگ بندی معاہدے تک جلد از جلد پہنچنے پر بھی زور دیتا ہے۔ جنگ بندی کو یقینی بنانے کا مطلب یہ ہے کہ غزہ محفوظ جگہ ہو، ایک ایسی جگہ جہاں انسان دوست ماحول میں کاموں کو جاری رکھا جا سکے۔’