دمشق (ہمگام نیوز)امریکی افواج نے پیر کے روز شام میں ایران نواز گروپوں سے وابستہ نو اہداف کو حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی شام کی سرزمین پر امریکی افواج کے خلاف حملوں کے جواب میں کی گئی۔
مشرق وسطی میں امریکی مرکزی کمان “سینٹکوم” نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ حملوں میں دو مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران میں شام میں امریکی فوجیوں پر کئی حملوں کے جواب میں عمل میں آئی۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ “یہ حملے ایران نواز گروپوں صلاحیت کو کمزور کریں گے اور وہ مستقبل میں امریکی افواج اور اتحادی افواج پر حملوں کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد نہیں کر سکیں گے”۔ یہ اشارہ داعش تنظیم کے خلاف سرگرم اتحادی افواج کی جانب تھا۔
سینٹکوم نے نشانہ بنائے گئے گروپوں کا تعین نہیں کیا گیا اور نہ یہ بتایا گیا کہ حملوں میں کوئی جانی نقصان بھی ہوا یا نہیں۔
تاہم شام میں انسانی حقوق کی رصد گاہ کے مطابق ان حملوں میں ایران نواز گروپوں سے تعلق رکھنے والے 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
داعش تنظیم کے انسداد کے لیے 2014 میں قائم ہونے والے بین الاقوامی اتحاد کے سلسلے میں امریکا کے تقریبا 900 فوجی شام میں اور تقریبا 2500 فوجی عراق میں موجود ہیں۔
سات اکتوبر 2023 کو غزہ کی جنگ چھڑنے کے بعد سے ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کی جانب سے عراق اور شام میں امریکی فوجیوں کو بار بار نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ حملے اسرائیل کے لیے واشنگٹن کی حمایت کے جواب میں ہو رہے ہیں۔ ان حملوں کے رد عمل میں امریکا، ایران نواز گروپوں کو نشانہ بناتا ہے۔