خرطوم( ہمگام نیوز ) سوڈان کی فوج نے کہا کہ سوڈان کی نیم فوجی سریع الحرکت فورس (آر ایس ایف) نے ترکیہ کے طیارے کو اس وقت فائرنگ کی جب وہ جمعہ کو خرطوم کے باہر وادی سیدنا ہوائی اڈے پر اتر رہا تھا۔
طیارہ شہریوں کے انخلا کے لیے سوڈان پہنچا تھا اور فائرنگ سے اس کے ایندھن کے نظام کو نقصان پہنچا ہے۔
فوج اور اس کے حریف باغی گروپ آر ایس ایف کے درمیان دو ہفتوں سے جاری لڑائی میں سیکڑوں ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
دونوں متحارب گروپوں نے جمعرات کو دیر گئے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کو 72 گھنٹے تک طول دینے پر اتفاق کیا ، لیکن عینی شاہدین اور لائیو ویڈیو نشریات کے مطابق، جمعہ کو دارالحکومت خرطوم کے کچھ حصوں میں لڑائی دوبارہ بھڑک اٹھی۔
ترکی کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ترکی کے انخلاء کے طیارے پر فائرنگ کی گئی ہے اور کہا ہے کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آر ایس ایف نے طیارے پر فائرنگ کی تردید کی اور کہا کہ فوج “جھوٹ پھیلا رہی ہے۔”
آر ایس ایف نے ایک بیان میں کہا کہ”ہماری فورسز انسانی ہمدردی کی جنگ بندی پر سختی سے کاربند ہیں جس پر ہم نے اتفاق کیا تھا، اور یہ درست نہیں ہے کہ ہم نے ام درمان میں وادی سیدنا کی فضا میں کسی طیارے کو نشانہ بنایا۔
سوڈانی فوج نے بتایا ہے کہ طیارے کی مرمت کی جا رہی ہے۔