یروشلم:(ہمگام نیوز) اسررائیلی سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ انہوں نے مشرقی شام اس میں پاسداران انقلاب کے اہداف پر بمباری کی۔ فضائی حملوں میں منگل کو کم از کم 13 ایران نواز جنگجو مارے گئے۔ ان میں ایک سینیر ایرانی کمانڈر بھی شامل ہے۔

اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ’قدس فورس کے جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا ان کا تعلق حزب اللہ کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ سے تھا‘۔

ایرانی ذرائع نے ایرانی پاسداران انقلاب کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشرقی شام میں ہونے والے حملے میں کرنل کے عہدے کے ایک افسر کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا ہے۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب مشرقی شام میں دیر الزور علاقے میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا جن میں کم از کم 13 افراد مارے گئے، جن میں سے زیادہ تر ایران نواز جنگجو تھے۔

آبزرویٹری نے فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں کیا کہ دیر الزور میں یہ حملے کس نے کیے ہیں، تاہم ان حملوں کے پیچھے عموما اسرائیل کا ہاتھ ہی ہوتا ہے۔

شام کے سرکاری میڈیا نے منگل کے روز بتایا کہ امریکی افواج نے مشرقی شام میں صبح سویرے بمباری کی جس میں سات فوجی اور کم از کم ایک شہری ہلاک ہو گیا۔

سرکاری میڈیا نے مزید کہا کہ دیر الزور گورنری میں رہائشی علاقوں اور فوجی مقامات پر کیے جانے والے فضائی حملوں میں کم از کم 19 فوجی اور 13 شہری زخمی ہوئے۔ اس کے ساتھ سرکاری اور نجی املاک کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شام کے مشرقی علاقے دیر الزور میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والے رات کے فضائی حملوں میں کم از کم 14 ایران نواز جنگجو اور ایک شہری مارا گیا۔