سلیکان ویلی(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ ڈیسک نیوز رپورٹس کے مطابق آئی فون کی نئی اپ ڈیٹ iOS 14 میں صارفین کے لیے متعدد نئے سیکورٹی اور پرائیویسی سے متعلق فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں بہت سارے فیچرز میں ایک فیچر ایسا ہے جسے بہت سے صارفین نے نظر انداز کر دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ ایک ایسا انوکھا فیچر ہے جو پرائیویسی کے متلاشی ہر صارف کی اہم ضرورت ہے۔ اس نئے فیچر کی بدولت استعمال کنندہ کسی بھی مخصوص ایپلی کیشن اور خدمات کے لیے درست لوکیشن کے فیچر کو غیر فعال کر سکتا ہے۔
اس نئے’درست لوکیشن‘ کے فیچر سے صارفین کو زیادہ آزادی مل جاتی ہے کہ وہ اپنی مرضی سے جس ایپلی کیشن کو چاہے اپنی درست لوکیشن تک رسائی دے۔ بہت سی ایپلی کیشنز ایسی بھی ہیں جنہیں اپنے افعال سر انجام دینے کے لیے آپ کی درست لوکیشن درکار نہیں ہوتی۔مثال کے طور پر موسم کی ایپلی کیشن کو موسم کا حال بتانے کے لیے صرف مخصوص علاقے کی ضرورت پیش آتی ہیں، لیکن ایپل میپ اور گوگل میپ جیسی سمت کی راہنمائی (نیوی گیشن) کرنے والی ایپلی کیشنز کو آپ کی لوکیشن کی مکمل معلومات تک رسائی درکار ہوتی ہے۔
تاہم iOS 14 نے صارف کو اس بات کا اہل بنا دیا ہے کہ وہ مخصوص ایپ کے لیے درست لوکیشن کا فیچر غیر فعال کرسکتے ہیں۔ جس کا طریقہ کار درج ذیل ہے۔
1۔ اپنے آئی فون میں سیٹنگز کو آن کریں
2۔ پرائیویسی میں جاکر ’لوکیشن سروسز‘ پر ٹیپ ( ٹچ) کریں
3۔ اب اس ایپ پر ٹیپ کریں، جس کے لیے آپ درست لوکیشن کو غیر فعال کرنا چاہتے ہیں
4۔ اب پری سائز لوکیشن کے سوئچ کو ٹوگل آف(بند) کر دیں
یاد رہے کہ آئی او ایس کے پچھلے ورژن سے iOS 14 پر منتقل ہونے والی تمام ایپلی کیشنز کو بائی ڈیفالٹ آپ کی لوکیشن سروس تک مکمل رسائی حاصل ہے۔ آپ کو ایک ایک کرکے تمام ایپلی کیشنز میں’ درست لوکیشن ‘ کو بند کرنا ہوگا۔


