کوئٹہ (ہمگام نیوز) بلوچ آزادی پسند رہنماء ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے تازہ بیان میں کہا کہ بلوچستان میں نئی معاشی اور تزویراتی جنگ کا میدان سجنے جا رہا ہے۔ بڑی طاقتیں اپنے مفادات کے لئے کھیل کھیل رہی ہیں۔
ڈاکٹر اللہ نظر کا مزید کہنا تھا کہ اب یہ ہم پر (بلوچ قیادت) اور دانشوروں پر منحصر ہے کہ وہ اس تشویشناک صورتحال میں کیسے بلوچ قومی مفادات کو محفوظ بناتے ہیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر اللہ نظر نے بتانے سے گریز کیا کہ ان کے پاس اس حوالے سے کیا فارمولا یا میکینزم ہے جس کو استعمال میں لاکر وہ بلوچ قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ نے افغانستان سے امریکہ اور اتحادی افواج کے انخلا پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انخلا کے بعد گُمشدگیوں کی تعداد میں تیزی اور بڑھتے ہوئے مظالم کے ساتھ، بلوچستان میں ایک تیز سیاسی اور اسٹریٹیجک تبدیلی آئی ہے، اس کے لئے بلوچ تحریک کی پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، بصورت دیگر ہم اپنی دو دہائیوں کے فوائد کھودیں گے۔


