پشاور (ہمگام نیوز ڈیسک) پشتون پارلیمانی پارٹی( اے -این – پی) نے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے، کارکنوں میں انتشار پیدا کرنے اور پارٹی کو نقصان پہنچانے و پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے الزامات میں اے این پی کے سینئر رہنما افراسیاب خٹک اور مرکزی نائب صدر بشریٰ گوہر کی پارٹی رکنیت ختم کر دی ہے۔ سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کے مطابق، عوامی نیشنل پارٹی نے دونوں رہنماؤں کی رکنیت ان کی پشتون تحفظ موومنٹ کے ساتھ وابستگی اور پاکستانی فوج کی پالیسیوں پر نکتہ چینی کی وجہ سے معطل کی گئی ہے۔ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے حوالے سے تاکید کی گئی تھی اور دونوں رہنماؤں کو شو کاز نوٹس بھی جاری کئے گئے تھے لیکن وہ پارٹی کو مطمئن نہیں کر سکے۔افراسیاب خٹک کا کہنا تھا کہ اس نوٹس میں بہت مبہم انداز میں ان سرگرمیوں کا ذکر کیا گیا تھا جس سے بقول پارٹی کے، پارٹی کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ الزامات حال ہی میں ہونے والے اجلاسوں میں نہیں اٹھائے گئے۔دوسری جانب، بشری گوہر نے ردعمل کے طور پر کہا ہے کہ ان پر پارٹی کی جانب سے لگائے گئے الزامات مبہم ہیں اور یہ کہ وہ ہر قسم کے استحصال، جبر اور دباؤ کے خلاف ہر پلیٹ فارم پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔دونوں رہنماؤں کی پارٹی رکنیت معطل کرنے کے بعد، پارٹی کے اندر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ قومی اسمبلی کی سابق رکن اور پاٹی کی سینیئر رہنما، جمیلہ گیلانی نے احتجاج کے طور پر پارٹی سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے۔


