سه شنبه, اکتوبر 15, 2024
Homeخبریںافغانستان: انٹیلی جنس بیورو کے دفتر کے قریب دھماکہ، درجنوں افراد زخمی

افغانستان: انٹیلی جنس بیورو کے دفتر کے قریب دھماکہ، درجنوں افراد زخمی

 

افغانستان(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق افغانستان کے شہر ایبک میں انٹیلی جنس بیورو کے دفتر کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

سمنگان صوبے کے گورنر کے ترجمان صادق عزیزی کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح ایبک شہر میں انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے قریب ایک بڑا کار بم دھماکہ ہوا ہمیں اس علاقے سے فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

سٹی ہسپتال کے ڈائریکٹر گل احمد قریشی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 43 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ نیشنل ڈائریکٹویٹ آف سکیورٹی کی عمارت سے ابھی تک فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔

افغانستان کے شمالی شہر میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے تاہم ان کی جانب سے اس حملے کو ایک ‘پیچیدہ حملہ’ قرار دیا گیا جس میں خود کش حملہ آور گاڑی کے اندر موجود تھا۔

ایک سرکاری اہلکار جنہوں نے اپنا نام حسیب بتایا کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک بڑا دھماکہ تھا جس سے ہماری تمام کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، کئی افراد ٹوٹے ہوئے شیشے کے ٹکڑے لگنے سے زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حالیہ دنوں میں طالبان کی جانب سے تقریباً روزانہ کی بنیاد پر افغان سکیورٹی فورسز کو حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، باوجود اس کے کہ حکومت طالبان سے مذاکرات کی تیاری کر رہی ہے تاکہ ملک میں دہائیوں سے جاری خانہ جنگی کا خاتمہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز