کابل (ہمگام نیوز ڈیسک )افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک فوجی تربیتی مرکز کے دروازے پر خودکش حملے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے ہیں۔کابل میں دہشت گرد حملوں کی حالیہ لہر میں اب تک ایک معروف دینی رہنما سمیت درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق حملہ کابل کے مغربی علاقے میں واقع مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے مرکزی دروازے پر کیا گیا۔ یہ یونیورسٹی افغان فوج کے افسران کا مرکزی تربیتی ادارہ ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم کیڈٹس کی بڑی تعداد عمارت سے باہر آ رہی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور پیدل تھا جس نے محافظوں کی جانب سے دروازے پر روکے جانے کے بعد اپنے جسم سے بندھا ہوا بارودی مواد دھماکے سے اڑا لیا۔تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔


