سه شنبه, اپریل 22, 2025
Homeخبریںافغانستان میں خود کش حملہ، چھ نیٹو فوجی ہلاک

افغانستان میں خود کش حملہ، چھ نیٹو فوجی ہلاک

کابل( ویب ڈیسک)افغانستان میں بگرام ہوائی اڈے کے قریب امریکی اور افغان سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ گشت پارٹی پر موٹر سائیکل سوار کے خود کش حملے میں کم از کم چھ نیٹو فوجی ہلاک ہو گئے۔کابل میں نیٹو کی سپورٹ بیس کیلئے عوامی امور کے سربراہ بریگیڈئیر جنرل ولیم شوفنر نے بتایا کہ حملے میں تین غیر ملکی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
طالبان کے ترجمان ذجیح اللہ مجاہد نے ایک ٹوئٹ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا واقعہ میں 19 امریکی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔کابل میں نیٹو ہیڈ کواٹرز نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں۔جنرل شوفنر نے بتایا کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے افغانستان میں سب سے بڑی امریکی فوجی ایئر بیس کی حدود میں پیش آیا۔ نیٹو نے پالیسی کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت بتانے سے گریز کیا۔پروان صوبے کے پولیس سربراہ نے بتایا کہ حملے میں تین افغان پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ غیر ملکی ہلاکتوں کی تفصیلات دینے کے مجاز نہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال افغانستان سے غیر ملکی لڑاکا فورسز کی واپسی کے بعد کابل سے 40 کلو میٹر شمال میں واقع بگرام میں 9800 امریکی فوجی موجود ہیں۔اس حملے سے ایک ہفتہ قبل قندھار ایئربیس اور کابل میں ہسپانوی سفارت خانے کے مہمان خانے پر خود کش حملےہو ئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز