اسلام آباد (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی ٹومس نِکلاسَن نے افغانستان میں کشیدگی میں اضافے کا اشارہ دیتے ہوئے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان دوحا مذاکرات میں جلد پیشرفت کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔
دورہ پاکستان کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹومس نکلاسن نے کہا کہ آنے والے چند ہفتوں اور مہینوں میں ہم بدقسمتی سے کشیدگی میں اضافہ دیکھیں گے ۔۔
یورپی یونین کے خصوصی نمائندے نے کہا کہ طالبان نے دوحا مذاکرات کے دوران ایسی کوئی تجویز پیش نہیں کی کہ وہ مستقبل میں کیسی حکمرانی دیکھنا چاہتے ہیں یا روڈ میپ یا ان موضوعات کی فہرست فراہم نہیں کی جن پر وہ بات کرنا چاہتے ہیں ۔
ٹومس نکلاسن نے خدشہ ظاہر کیا کہ غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں نہ صرف کشیدگی میں اضافہ ہوگا کیونکہ دونوں فریقین جنگ کے میدان میں اپنی طاقت آزما رہے ہیں، بلکہ دیگر ‘عناصر کی شمولیت کی وجہ سے تنازع مزید کشیدہ اور پیچیدہ ہوجائے گا۔


