تہران(ہمگام نیوز/ویب ڈیسک) ایران کے ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ خلیجی ریاست قطر میں مقیم افغان طالبان کے ایک نمائندہ وفد نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا ہے جہاں اُنہوں نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقات کی۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی”تسنیم” کے مطابق حال ہی میں افغان طالبان کا ایک نمائندہ وفد طیب آغا کی قیادت میں تہران پہنچا تھا جہاں وفد کی ملاقات ایرانی سیکیورٹی حکام سے بھی ہوئی ہے۔ ملاقات کے دوران علاقائی امور اور عالمی مسائل پربھی بات چیت کی گئی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان طالبان کا مذاکرات کے لیے یہ تیسرا دورہ تہران ہے۔ ایک دوسری خبر رساں ایجنسی” ارنا” کے مطابق طالبان وفد اور ایرانی حکام کے درمیان بات چیت میں ایران میں موجود افغان ماجرین کے معاملے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ ایران میں افغان پناہ گزینوں کی تعداد 25 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ بیشتر افغان شہری اپنے ملک میں جاری فسادات کے باعث نقل مکانی کرکے ایران پہنچےتھے،جہاں وہ ابھی تک غیرقانونی طریقے سے رہ رہے ہیں۔