دوشنبه, اکتوبر 14, 2024
Homeخبریں الجزیرہ کے صحافی کو جرمنی سے گرفتار کر لیا گیا

الجزیرہ کے صحافی کو جرمنی سے گرفتار کر لیا گیا

برلن(ہمگام نیوز) الجزیرہ چینل کا کہنا ہے کہ اس کے ایک سینئیر صحافی کو مصر کی درخواست پر جرمنی سے گرفتار کیا گیا ہے۔

الجزیرہ چینل کی عربی سروس سے منسلک احمد منصور نامی صحافی کو جرمنی میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب انھوں نے برلن سے قطر جانے والی پرواز پر سوار ہونے کی کوشش کی۔

جرمنی کی پولیس کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ مصری حکام نے احمد منصور کی گرفتاری کا بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کیا تھا۔

واضح رہے کہ مصر کی ایک عدالت نےگذشتہ برس احمد منصور کے خلاف تشدد کے الزام کے تحت ان کی غیر حاظری میں انھیں 15 برس قید کی سزا سنائی تھی۔

دوسری جانب الجزیرہ چینل کا کہنا ہے کہ برطانوی اور مصری دوہری شہریت رکھنے والے صحافی احمد منصور کے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات لغو اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

ادھر 52 سالہ احمد منطور نے سنیچر کی رات ٹویٹ کیا کہ وہ ابھی تک برلن ایئر پورٹ پر زیرِ حراست ہیں اور اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ انھیں کب تحقیقی جج کے سامنے پیش کیا جاتا ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ وہ پیر کو اس وقت تک حراست میں رہیں گے جب انھیں جرمن جج کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

جرمن پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ احمد منصور کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 3:20 بجے گرفتار کیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق مصر نے احمد منصور کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیا تھا جس میں ان کے خلاف ’کئی جرائم‘ کا قصور وار ٹھہرایا گیا تھا تاہم پولیس ترجمان نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔

الجزیرہ چینل کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے مصر کی جانب سے جاری کیے جانے والے وارنٹ گرفتاری کو انٹرپول نے قانون کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے مسترد کر دیا تھا۔

صحافی احمد منصور نے دوران حراست اپنے ویڈیو پیغام میں اس واقعے کو ’غلط فہمی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں امید ہے کہ یہ معاملہ بہت جلدی حل ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات بالکل مضحکہ خیز ہے کہ جرمنی جیسا ملک مصر جیسی آمرانہ حکومت کی درخواست کی حمایت کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز