چاغی (ہمگام نیوز ) دالبندین سے 8 ماہ قبل لاپتہ کیئے جانے والے اللہ داد مری کے اہلخانہ نے ان کی عدم بازیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام بالا سے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ لاپتہ اللہ داد مری کے اہلخانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اللہ داد مری کو 8 ماہ قبل قانون نافذ کرنے والے حساس اداروں کے اہلکاراور ان کے نجی معاونت کار کلی قاسم خان دالبندین سے اٹھا کر لے گئے جن کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا جس کے سبب وہ اور ان کے خاندان کے تمام افراد شدید اذیت اور تشویش میں مبتلا ہیں اس لیئے اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو انھیں منظر عام پر لاکر عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ داد مری ایک محنت کش انسان اور پرامن و محب وطن شہری تھے جن کا کسی بھی قسم کی سیاسی و کالعدم تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن افسوس کہ حساس اداروں نے انھیں حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر غائب کررکھا ہے اور کسی بھی قسم کی قانون کو خاطر میں لائے بغیر انھیں منظر عام پر نہیں لایا جا رہا جس سے ثابت ہوتی ہے کہ اللہ داد مری کو ان کے بے گناہی کی سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ بلوچستان آئی جی ایف سی بلوچستان، کور کمانڈر سدرن کمانڈ، چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ، گورنر بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ اللہ داد مری کی رہائی کے لیئے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے حساس اداروں اور ان کے نجی معاونت کاروں سے باز پرس کی جائے۔