واشنگٹن (ہمگام نیوز) امریکہ نے بیلا روس کی ایک اور چین کی تین کمپنیوں پر پاکستان کے میزائل پروگرام کی تیاری اور ترسیل میں معاونت کے الزام میں پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں معاونت کے الزام میں چار بین الاقوامی کمپنیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سنیچر کو امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے بیلا روس کی ایک اور چین کی تین کمپنیوں پر پاکستان کے میزائل پروگرام کی تیاری اور ترسیل میں معاونت کے الزام میں پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام کو آلات فراہم کیے۔
ان کمپنیوں میں بیلاروس کی منسک وہیل ٹریکٹر پلانٹ اور چین کی تین کمپنیاں شیان لونگڈی ٹیکنالوجی ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، تیانجن کری ایٹیو سورس انٹرنیشنل ٹریڈ کو لمیٹڈ اور گرین پیکٹ لمیٹڈ کمپنی شامل ہیں۔
بیان کے مطابق ان کمپنیوں میں بیلا روس کی کمپنی منسک وہیل ٹریکٹر پلانٹ ہے جس نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے لیے خصوصی گاڑی کے لیے چیسس فراہم کرنے کا کام کیا۔
چین کی شیان لونگڈی ٹیکنالوجی ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ پر الزام ہے کہ اس نے میزائل سے متعلق آلات فراہم کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تیانجن کری ایٹیو سورس انٹرنیشنل ٹریڈ کو لمیٹڈ نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے آلات دیے۔
چین کی تیسری کمپنی گرین پیکٹ لمیٹڈ پر الزام ہے کہ اس نے پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ساتھ مل کر کام کیا اور بڑے قُطر والی راکٹ موٹروں کی جانچ کے لیے آلات فراہم کیے۔