ہیوسٹن(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ہیوسٹن ٹیکساس میں چینی کونسلیٹ کو کام بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔
چینی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے تصدیق کردی کہ امریکی حکومت نے ہیوسٹن ٹیکساس میں چینی کونسلیٹ کو کام کرنے سے روکتے ہوئے اس کی تمام سرگرمیاں بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ عمل واشنگٹن کی جانب سے حالیہ اقدامات میں “بے مثال اضافہ” ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مورگن اورٹاگس نے کہا کہ امریکی دانشورانہ املاک اور امریکیوں کی نجی معلومات کے تحفظ کے لئے قونصل خانے کو بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے قونصل خانے کو بند کرنے کا حکم “سیاسی اشتعال انگیزی” ہے جو امریکہ نے بحیثیت ایک فریق یکطرفہ طور پر شروع کیا ہے، جو بین الاقوامی قوانین، بین الاقوامی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے بنیادی اصولوں اور امریکہ و چین کے مابین ہوئے باہمی قونصلر معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ چین اس طرح کے اشتعال انگیز اور بلاجواز اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے جو چین امریکہ تعلقات کو سبوتاژ کرے گا۔ ہم امریکہ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے غلط فیصلے کو فوری طور پر واپس لے ورنہ چین جائز اور ضروری رد عمل ظاہر کرے گا۔