واشنگٹن (ہمگام نیوز ) ماینٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکی خلائی ادارے ناسا نے زمین پر مریخ کے ماحول والی رہائش گاہ تعمیر کر دی۔
اطلاعات کے مطابق امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے نے زمین پر مریخ کی طرز کی رہائش گاہ بنائی ہے تاکہ مستقبل میں مریخ پر رہائش کے انسانی صحت پر ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
یہ رہائش گاہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں واقع ناسا کے جانسن اسپیس سینٹر میں تعمیر کی گئی ہے، یہ تھری ڈی پرنٹر سے بنایا گیا ایک نمونہ ہے، جس میں رہائش کے لیے رضاکاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔
زرائع کے مطابق یہاں رہنے والے رضا کار ایک مصنوعی مشن پر کام کریں گے جس میں ان کی سپیس واک،رہائش سے باہر رابطے کے لیے محدود ذرائع ، محدود خوراک اور وسائل سمیت تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
مصنوعی مریخی ماحول میں منتخب افراد کو ایک سال تک رہنا ہوگا، جس کے لیے ناسا کی جانب سے انھیں معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا، اس تجربے کا مقصد مستقبل میں مریخ پر جانے والوں کی صحت اور کارکردگی کو جانچنا ہے۔
زمین پر قائم اس مریخی رہائش گاہ میں رہنے کے خواہش مند افراد کا امریکی شہری ہونا اور ماسٹر ڈگری ہولڈرہ ونا لازمی ہے جب کہ اس کی عمر 30 سے 55 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔