پیرس(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا چار روزہ اجلاس 21 سے 25 جون تک جاری رہے گا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کو ابھی بھی ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہی رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یورپین ممالک خاص کر میزبان ملک فرانس کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی سفارش کی جائے گی اور یہ موقف اختیار کیا جائے گا کہ پاکستان کی طرف سے تمام نکات پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو پایا ہے۔ یورپ کے دیگر ممالک بھی فرانس کے اس موقف کی تائید کریں گے۔
ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان کو تمام پوائنٹس پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا اور یہ کہ ایف اے ٹی ایف حکومت پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کا ایک وفد بہت جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، جہاں حکومتی اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کی جائے گی اور اس بنیاد پر آئندہ اجلاس میں جو چار مہینے بعد اکتوبر میں ہوگا پاکستان کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر اب تک 26 نکات پر عمل کیا ہے۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے خلاف نہ صرف قوانین بنائے ہیں بلکہ اس پر عمل درآمد بھی کروایا ہے۔ اس کے علاوہ کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے وابستہ افراد کی سرگرمیاں روکنے کےلیے بھی نمایاں اقدامات اٹھائے گئے۔