سه شنبه, اکتوبر 15, 2024
Homeخبریںایرانی مقبوضہ بلوچستان پر قبضے اور وہاں پر ہونے والے مظالم کے...

ایرانی مقبوضہ بلوچستان پر قبضے اور وہاں پر ہونے والے مظالم کے خلاف جرمنی میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا: ایف بی ایم

برلن (ہمگام نیوز) ایرانی مقبوضہ بلوچستان پر جبری قبضے اور اس قبضے کو دوام دینے کے لئے کئے جانے والے مظالم، قتل و غارت گری اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف فری بلوچستان موومنٹ جرمنی میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

 

فری بلوچستان موومنٹ نے اپنے جاری اعلامیے میں کہا کہ آزاد و خودمختار بلوچ وطن پر برطانوی سامراج کے قبضے کے بعد بلوچ سرزمین کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا جس کے ایک حصے کو بلوچ قوم کی مرضی و منشاء کے بغیر ایران میں ضم کردیا گیا لیکن اس کے باوجود بھی بلوچ وطن اپنی الگ شناخت اور حکومت کے ساتھ قائم رہا جس پر بلآخر 11 نومبر 1928 کو ایران نے حملہ آور ہوکر سردار دوست محمد خان کی حکومت کو ختم کرکے بلوچستان پر قبضہ کرلیا۔ ایرانی قبضے سے لیکر آج تک ایرانی مقبوضہ بلوچستان میں ایران بلوچوں کی شناخت کو ختم کرنے کے در پے ہے یہاں تک کہ بلوچوں کو آزادی سے اپنے بچوں کے نام چُننے تک کی اجازت نہیں۔ ایران نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے بلکہ بلوچ نسل کُشی بھی اپنے عروج پر ہے۔ آئے روز جھوٹے اور منگھڑت مقدمات میں بلوچوں کو گرفتار کیا جارہا ہے بلکہ ان کو پھانسیاں دیکر بھی ایک خاموش پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ اپنے قومی حقوق اور حق آزادی سے دوری اختیار کریں۔

 

فری بلوچستان موومنٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ رواں مہینے کے اوائل میں ایرانی قبضہ گیر فوج نے بہتے بلوچوں پر اُس وقت حملہ کیا جب وہ نماز ادا کرکے مسجد سے نکل رہے تھے جس کے نتیجے میں 93 معصوم بلوچ شہید ہوئے اور سینکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوئے۔ جہاں اس واقعے کو ایک عالمی مسئلہ ہونا چاہئیے تھا مگر بدقسمتی سے ذمہ دار اداروں نے اپنا وہ کردار ادا نہیں کیا جو ان کو کرنا چاہئیے تھا۔ دنیا کے لئے بلوچ کا خون، اس کے انسانی حقوق شائد کوئی معنی نہیں رکھتے کہ پاکستان اور ایران کئی دہائیوں سے بلوچ نسل کُشی کے ذمہ دار ہیں لیکن ان کو جواب دہی سے مکمل چھوٹ اور آزادی ملی ہوئی ہے۔

 

فری بلوچستان موومنٹ نے مزید کہا کہ ہم اپنے احتجاج، آگاہی مہم اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے کوشش کررہے ہیں کہ دنیا کے مہذب اقوام، ممالک اور اداروں تک بلوچ کی آواز پہنچا سکیں۔ اسی مقصد کے لئے فری بلوچستان موومنٹ 11 نومبر کے دن جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایرانی ایمبیسی کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کرے گی۔ یہ مظاہرہ 11 نومبر کے دن دوپہر 2 بجے شروع ہوگا جو شام 4:30 بجے تک جاری رہے گا۔

ایف بی ایم مزید کہا کہ ہم جرمنی میں رہنے والے تمام قوم دوست بلوچوں، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے اداروں اور میڈیا نمائندوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ہمارے اس احتجاج میں شرکت کرکے انسانیت کی بقا کے لئے ہمارے ساتھ اپنی آواز اٹھائیں تاکہ ظلم کے شکار بلوچ عوام کو اس جاری نسل کُشی سے نجات دلانے میں مدد مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز