تہران(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق سابق ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے ایک میڈیا چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو چیز خطے کے ممالک کو متحد کرتی ہے وہ انہیں تقسیم کرنے اور ایک دوسرے کے مخالف بنانے والے عوامل سے بڑھ کر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران دوست، برادر اور پڑوسی ملک ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہو گا۔
احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین دشمنی “دونوں فریقوں کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہے۔” دونوں ممالک “بھائی اور ہمسایہ ہیں اور ان کے مابین مشترکہ اختلافی امور سے درجنوں گنا زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے استحکام کے لیے دونوں ملکوں کو مل کر تعاون کرنا چاہئیے۔
احمدی نژاد نے یورپی یونین کی طرح خطے کے ممالک کے مابین ایک اتحاد کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آخر یورپ نے اپنے عوام کے مفاد کے لیے یونین کے تجربے تک پہنچنے سے پہلے ایک طویل عرصے تک لڑائی لڑی۔
احمدی نژاد نے مزید کہا کہ بین الاقوامی قوتیں توانائی اور ثقافت سے مالا مال خطے کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قوتیں اس کو کنٹرول کرنے کی کوششوں کی آڑمیں خطے میں مسائل پیدا کر رہی ہیں۔


