یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںایران: فرانسیسی شہری کو جاسوسی کے الزام میں آٹھ برس قید کی سزا

ایران: فرانسیسی شہری کو جاسوسی کے الزام میں آٹھ برس قید کی سزا

تہران(ہمگام نیوز)مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ایک ایرانی عدالت نے فرانسیسی شہری بینجمن بیریئرے کو جاسوسی کے الزام میں آٹھ برس قید کی سزا سنائی ہے۔ بیریئرے کو ایران کے ایک سرحدی علاقے میں ڈرون اڑانے کے الزام میں مئی 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک ایرانی عدالت نے بینجمن کو جاسوسی کا قصوروار پائے جانے کے بعد منگل کے روز آٹھ برس قید کی سزا سنائی۔ 36 سالہ بینجمن کے وکلاء کا تاہم کہنا ہے کہ قانونی طریقہ کار میں بہت ساری خامیاں تھیں اور الزامات سیاسی اغراض پر مبنی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بیریئرے ایران کی سیاحت پر تھے۔ انہوں نے ایران اور ترکمانستان کے سرحدی علاقے میں ریموٹ سے چلنے والا ایک ایسا منی ہیلی کاپٹر ‘ہیلی کیم’ اڑایا تھا، جو تصویریں اتار سکتا ہے۔ اس واقعے کے بعد انہیں مئی 2020 میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

بیریئرے پر جاسوسی کے لیے سزا کے علاوہ ایران کے اسلامی نظام کے خلاف “پروپیگنڈا” کرنے کے جرم میں آٹھ ماہ کی اضافی سزا بھی سنائی گئی۔
بیریئرے کے وکیل فلپ ویلینٹ نے مقدمے کی سماعت کو “دکھاوا” قراردیتے ہوئے اس کی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا، “یہ سزا مکمل طورپر سیاسی عمل کا نتیجہ ہے اور اس سزا کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔” ویلینٹ کا مزید کہنا تھا،” انہیں غیر جانبدار جج کے سامنے شفاف ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔”
 انہوں نے کہا بیریئرے کو مشہد میں بند کمروں کی انقلابی عدالتوں میں پیش کیا گیا اور انہیں سزا کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
بیریئرے کے ایک ایرانی وکیل سعید دین غان نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ان کے موکل سزا سن کر “صدمے” میں ہیں اور 20 دن کی مقررہ مدت کے اندر اس کے خلاف اپیل کریں گے۔
بیریئرے کے اہل خانہ کا کہناہے کہ وہ معصوم ہیں اور انہیں سیاست کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔

دریں اثنا فرانسیسی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیریئرے کی سزا ناقابل قبول ہے اور درحقیقت اس کی کوئی بنیاد نہیں بنتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز