تہران (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق ایران کے سابق بادشاہ کے بیٹے اور سابق ولی عہد رضا شاہ پہلوی نے کل ہفتے کے روز ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کوڈھونگ قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عوام نے صدارتی انتخابات کے ڈھونگ کا جرات مندانہ بائیکاٹ کرکے ایرانی حکومت آخری مراحل پر پہنچا دیا ہے۔ عوام نے بائیکاٹ کرکے اقتدار پرقابض طبقے کو اپنا واضح پیغام دے دیا ہے۔
رضا پہلوی نے ایرانی عوام کو صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کے اس کارنامے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ زوال پذیر ایرانی حکومت کا ساتھ نہ دے۔
پہلوی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ٹویٹس میں لکھا کہ ایرانی عوام نےبہ یک آواز ہو کرکہا ہے کہ ہمیں اسلامی جمہوریہ ایران نا منظور ہے۔ عوام جعلی انتخابات کا تاریخی بائیکاٹ کرتے ہوئے تحریک آزادی کو آخری مرحلے میں لے آئے ہیں۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ دنیا کو اس ٹوٹتے ہوئے نظام میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔
ایرانی میڈیا نے ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات میں ایرانی عدلیہ کے سخت گیر سابق سربراہ ابراہیم رئیسی کی فتح کا اعلان کیا ہے۔ کروڑوں لوگوں نے ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو فراڈ قرار دے کر ان کا عملا بائیکاٹ کیا ہے۔
نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے الیکشن کمیشن کے سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ 90 فی صد ووٹوں کی گنتی کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 28 ملین ووٹوں میں سے 17 ملین نے ووٹ ڈالے ہیں۔