واشنگٹن(ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس کے ریپبلکن رکن سینیٹر ٹام کاٹن نے ایرانی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات ’کو ڈھونگ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایرانی لیڈرشپ دہشت گردوں اور قاتلوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر عائد کی گئی پابندیاں نہ اٹھائیں بلکہ ایرانی عوام کے مطالبات کی حمایت کریں۔
انہوں نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ خامنہ ای نے اپنے حالیہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر سیاسی قیدیوں کو موت کے گھاٹ اتارنے والے قاتل گینگ کے سرغنہ کو صدر منتخب کرایا۔
انہوں نے کہا ان قاتل دہشت گردوں پر پابندیاں ختم کرنے کے بجائے صدر بائیڈن کو چاہیے کہ وہ ایرانی عوام کے مطالبات کی حمایت کریں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ واشنگٹن ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو غیر شفاف قرار دیتا ہے۔
امریکی سینیٹر نے کہا کہ تہران کے بارے میں ان کی ملک کی پالیسی کا مقصد امریکی مفادات کو آگے بڑھانا ہے۔ اس لیے امریکا یہ نہیں دیکھتا کہ ایران میں قیادت کس کے ہاتھ میں ہے۔


